اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اور عراق نے کبھی یہ قبول نہیں کیا کہ وہ دوسروں کی کہانی کا محض حاشیہ بنیں یا ان کا مستقبل بیرونی دارالحکومتوں میں طے کیا جائے۔
ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کربلا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں یہ بات درج ہوگی کہ ایران اور عراق دو ایسی قومیں ہیں جنہوں نے دوسروں کی داستان کا حاشیہ بننے سے انکار کیا اور اپنے مستقبل کے فیصلے مغربی دارالحکومتوں کے ہاتھ میں نہیں دیے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مزاحمت، استقامت اور باہمی تعاون کے ذریعے اپنے ممالک میں سلامتی قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی اور اب انہیں اقتصادی خوشحالی اور ترقی کے لیے بھی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔
قالیباف نے کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان تعاون محض بیانات تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا واضح مقصد سلامتی کو مضبوط بنانا، غیر ملکی مداخلت کا راستہ روکنا اور ایسے منصوبوں پر عمل درآمد کرنا ہے جو دونوں ممالک کے عوام کی معاشی صورتحال بہتر بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق نے مشکل ترین حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ اپنی برادری ثابت کی ہے اور جس طرح دونوں ممالک نے مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، اسی طرح کامیابی اور ترقی کے سفر میں بھی ساتھ رہیں گے۔
قالیباف نے کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان گہرے تعلقات تاریخ، جغرافیہ اور مشترکہ مذہبی عقائد میں جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی ہر کوشش صرف تہران اور بغداد کو مزید قریب کرنے کا باعث بنے گی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ ایران اور عراق مشترکہ استقامت کے ذریعے کسی بھی غیر ملکی دارالحکومت کو اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
آپ کا تبصرہ